23 جون ، 2020
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات شبلی فراز نے خبردار کیا ہے کہ جون کے آخر اور جولائی میں کورونا وائرس عروج پر ہوگا۔
اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل کرنا قوم کا فرض ہے کیونکہ آگے جون کے آخر اور جولائی میں کورونا وائرس عروج پر ہوگا۔
اسمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیصلے کیے جاتے ہیں لہذا کورونا کے ہاٹ اسپاٹ کو ڈھونڈ کر اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہیں۔
سندھ حکومت کی تنقید پر ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن (این سی او سی) میں فیصلوں کو قبول کرتی ہے اور بعد میں مراد علی شاہ ہمیشہ کنفیوژن پھیلاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے کئی معاملات میں خودمختار ہیں لیکن سندھ حکومت اس کورونا وائرس کی وباء میں بھی سیاست کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا کیسز کی تعداد میں روزبروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، اب تک مجموعی مریضوں کی تعداد 185034 ہوگئی ہے جب کہ اموات کی تعداد 3695 ہے۔