23 جون ، 2020
امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ پہنچ گئیں۔
اپنی درخواست میں سنتھیا نے مؤقف اختیار کیا کہ رحمان ملک سے جان کو خطرہ ہے اور تھانہ سیکرٹریٹ پولیس درخواست کے باوجود مقدمہ درج نہیں کررہی لہٰذا عدالت رحمان ملک کیخلاف مقدمہ درج کرنےکا حکم دے۔
سنتھیا ڈی رچی کی درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج نے سماعت کی اور پولیس کونوٹس جاری کردیے ہیں۔
عدالت نے سنتھیا کی درخواست پر پولیس سے 27 جون تک جواب طلب کرلیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیر داخلہ و رہنما پیپلز پارٹی رحمان ملک کے خلاف امریکی شہری سنتھیا رچی کی درخواست پولیس نے مسترد کر دی تھی۔
پولیس تفتیش نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کو الزامات سے بری الذمہ قرار دے دیا تھا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق سنتھیا رچی کے پاس کسی قسم کا ثبوت نہیں ہے، درخواست ناقابل کارروائی ہے، دھمکیوں کے الزامات کے حوالے سے سنتھیا رچی کسی کا فون نمبر، تاریخ اور نہ دھمکی کا وقت بتا سکیں۔
سنتھیا رچی نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام لگایا ہے۔
پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے سنتھیا رچی کے الزامات کی سختی سے تردید کی گئی ہے۔
رحمان ملک کی جانب سے سنتھیا رچی کو 50 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا گیا ہے جب کہ سنتھیا رچی نے یوسف رضا گیلانی کو 12 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا ہے۔