24 جون ، 2020
کراچی: کے الیکٹرک کی جانب سے شدید گرمی میں شہر کے مختلف علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
لیاقت آباد، نارتھ کراچی، فیڈرل بی ایریا کے مختلف بلاکس، گلستان جوہر، کھارادر، کھڈا مارکیٹ لیاری، کورنگی، اورنگی ٹاؤن کے علاقے لوڈشیڈنگ سے زیادہ متاثر ہیں۔
لوڈ شیڈنگ کے باعث شہریوں کا کورونا کی وبا کے دوران گھروں میں رہنا مشکل ہوگیا ہے ۔
کراچی کے علاقے لیاقت آباد، نارتھ کراچی، فیڈرل بی ایریا بلاک 17، گلستان جوہر بلاک 8 میں رات گئے بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی۔
لیاقت آباد سی ون ایریا میں 18 گھنٹے بعد بحال ہونے والی بجلی بھی رات پونے گیارہ بجے دوبارہ غائب ہوگئی۔
بجلی کی طویل بندش اور سخت گرمی کے موسم میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ فالٹ کے نام پر بجلی بند کی جا رہی ہے، وقت بے وقت بجلی غائب ہوجاتی ہے اور گھنٹوں غائب رہتی ہے۔
لوڈشیدڈنگ فری ایریا میں بھی اب بجلی دن میں کئی بار ایک گھنٹے کے لیے بند کی جاتی ہے اور رات 12 بجے کے بعد بھی لوڈشیڈنگ جاری رہتی ہے جس سے بچے بڑے سب ہی پریشان ہیں۔
کے الیکٹرک نے فرنس آئل اور گیس کی فراہمی میں کمی کو لوڈ شیڈنگ کا سبب قرار دے دیا ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ایندھن کی مطلوبہ مقدار میں فراہمی متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔
ادارے کا یہ بھی کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ ایسے علاقوں میں کی جا رہی ہے جہاں سے بل نہ بھرنے کی شکایات زیادہ ہوں۔
خیال رہے کہ مارچ کے آخر میں کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کیا گیا تھا اور اس دوران 9 مئی تک کراچی میں لوڈ شیڈنگ تقریباً ختم کردی گئی تھی تاہم لاک ڈاؤن میں نرمی ہوتے ہی لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی اور جون میں بجلی کی فراہمی میں تعطل بے پناہ بڑھ گیا ہے۔