علی گل پیر نے زرتاج گل کے کورونا پر 19 پوائنٹس کا پوسٹ مارٹم کردیا

فوٹو فائل—

حال ہی میں وفاقی وزیر برائے موسمیات زرتاج گل نے ایک انٹرویو میں کورونا کی نئی تعریف پیش کی تھی جو انہیں ایسی مہنگی پڑی کے سوشل میڈیا پر  میمز کی لائن لگ گئی۔

زرتاج گل نے پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک  پروگرام  میں انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ کووڈ 19 کا مطلب اس کے 19 پوائنٹس ہیں، شو کے بعد ان کی اس بات کا ویڈیو کلپ وائرل ہوا جس پر متعدد صارفین نے دلچسپ میمز بنا کر سوشل میڈیا پر خوب تمسخر اڑایا۔

علی احمد نامی صارف نے زرتاج گل کا مزاق اڑاتے ہوئے لکھا کہ اس افسردگی والی حالت میں ہمیں اس طرح کے لطیفوں کی بڑی ضرورت تھی۔  

انہوں نے کہا کہ زرتاج گل کے مطابق گاڑیوں سے ڈینٹ نکالنے والے کو ڈینٹسٹ کہتے ہیں، ڈرم بجانے والے کو ڈرماٹالوجسٹ وغیرہ۔

احسن نوید نامی صارف نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے میم شیئر کی کہ یعنی 1992 ورلڈ کپ کا مطلب 92 پوائنٹس ہیں۔

اسی طرح دیگر صارفین نے بھی ہیش ٹیگ زرتاج گل اور ہیش ٹیگ زرتاج گل لاجک کو استعمال کرتے ہوئے خوب میمز شیئر کیں۔

یہی نہیں اس سے بھرپور لطف اندوز ہوتے ہوئے گلوکار علی گل پیر نے بھی ایک مزاحیہ ویڈیو شیئر کی جس میں زرتاج گل کے کووڈ 19  پوائنٹس کی تشریح بھی کی۔

علی گل پیر کو ویڈیو میں ڈاکٹر کا لیب کوٹ پہنے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جب کہ اس ویڈیو میں وائس اوور  زرتاج گل کے انٹرویو کی ہے۔

علی گل پیر نے مذکورہ ہیش ٹیگز کے ساتھ کووڈ ایڈیئٹس کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا بعدازاں ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی۔

دوسری جانب زرتاج گل نے تمسخر اڑانے پر برہمی کا اظہار اپنی ٹوئٹ سے کیا۔

انہوں نے لکھا کہ روزانہ ٹی وی پر گھنٹوں بات کرتی ہوں، پرچی کے بغیر، کہنا چاہتی تھی کہ وباء ا اثر، شدت مختلف ممالک میں مختلف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چند لمحوں کی خطا پر یوں ماتم کناں ہونے کی بجائے اپنی جماعتوں کے حشر نشر پر توجہ دیں تو شاید ان کے حق میں بہتر ہو، تنقید سے نہیں گھبراتی، اور مضبوط ہوتی ہوں۔ 


مزید خبریں :