24 جون ، 2020
وادی گلوان میں بھارتی فوج کی ہزیمت کا زخم بھرنے سے پہلے سرحدی علاقے میں چینی فوج کے ہاتھوں پٹائی کی نئی ویڈیو سامنے آگئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں چینی اہل کاروں کو بھارتی فوجیوں کی درگت بناتے دیکھا جاسکتا ہے جب کہ بھارتی اہلکار واپس جاؤ، واپس جاؤ چیختے چلاتے رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ویڈیو گلوان کی نہیں بلکہ ممکنہ طور پر تبتی علاقے پینگونگ لیک کی ہے اور پٹنے والے اہلکار انڈو تبت سرحدی پولیس اور بھارتی فوجی ہیں۔
پیر کو بھارتی اور چینی فوج کے مذاکرات کا دوسرا راؤنڈ ہوا تو پینگونگ سے چینی فوج کی واپس کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔
اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے مودی سرکار پر پھر طنز کے تیر برساتے ہوئے کہا کہ "چین نے ہماری زمین لے لی اور بھارت واپسی کےلیے مذاکرات کررہاہے، چین کہتا ہے یہ بھارت کی زمین نہیں اور مودی سرعام چینی دعوے کی تائید کررہے ہیں۔"
ان کا مزید کہنا تھا کہ نریندر مودی بھارتی فوج کے بجائے چین کی حمایت کیوں کر رہےہیں۔
واضح رہے کہ نریندر مودی نے آل پارٹیز کانفرنس میں کہا تھا کہ نہ چین ہمارے علاقے میں گھسا نہ کسی زمین پر قبضہ ہوا۔