24 جون ، 2020
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کیے گئے محمد حفیظ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد منفی آگیا جس نے پی سی بی کے ٹیسٹ پر سوال اٹھادیا۔
گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے دورہ انگلینڈ سے قبل کرائےگئے کورونا ٹیسٹ میں 10 کھلاڑیوں میں وائرس کی تصدیق کی گئی تھی جس میں محمد حفیظ بھی شامل تھے۔
تاہم آج محمد حفیظ نے ٹوئٹر پر اپنے کووڈ 19 کے دوسرے ٹیسٹ کی رپورٹ شیئر کی اور بتایا کہ ان کا نتیجہ منفی آیا ہے۔
محمد حفیط نے لکھا کہ گزشتہ روز پی سی بی کی جانب سے کیے گئے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی تھی لیکن دل کی تسلی کے لیے ذاتی طور پر دوبارہ ٹیسٹ کروانے کے لیے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گیا۔
انہوں نے رپورٹ سب سے شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اللہ کے شکر سے میرے اور میرے گھر والوں کا کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آیا ہے، اللہ ہم سب کو محفوظ رکھے۔