بھارت نےچین کی ٹک ٹا ک ایپ کے مقابلے میں 'چنگاری' لانچ کر دی

فوٹو: بشکریہ گز بوٹ

بھارت نے لپ سنکنگ کے ذریعے مختصر ویڈیو بنانے والی مقبول ترین چینی ایپ ٹک ٹاک کے مقابلے میں اپنی ایپ لانچ کر دی ہے۔

چین اور بھارت میں اس وقت سرحدی تنازع شدت اختیار کر گیا ہے اور گزشتہ ہفتے چینی فوج کے ہاتھوں 20 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد اس میں  نریندر مودی کی حکومت شدید دباؤ میں ہے جب کہ چینی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم بھی جاری ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اب بھارت نے چینی ایپ ٹک ٹاک کا مقابلہ کرنے کے لیے نئی ایپ 'چنگاری' لانچ کی جسے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران 5 لاکھ سے زائد صارفین نے ڈاؤن لوڈ کیا ہے۔

اس نئی ایپ چنگاری کے ذریعے صارفین ٹک ٹاک کی طرح لپ سنکنگ کرکے مختصر ویڈیوز بنا سکتے ہیں جب کہ اس ایپ کو سماجی رابطوں کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے کیوں کہ اس میں صارفین کو پیغامات بھیجنے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا کی مقبول ترین چینی ایپ ٹک ٹاک کو بھارت میں بھی کروڑوں صارفین کی جانب سے استعمال کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :