24 جون ، 2020
گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں پیٹرول پمپس پر ڈیزل کی قلت ہوگئی ہے جس کے باعث شہریوں خصوصاً کسانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
گوجرانوالہ ڈویژن کے اضلاع گوجرانولہ، سیالکوٹ، نارووال،گجرات، منڈی بہاؤالدین ، حافظ آباد اور ملحقہ علاقوں میں ڈیزل نایاب ہے۔
ڈیزل کی عدم دستیابی کے باعث ٹریکٹرز کے لیے ڈیزل نہ ہونے پر دھان کی فصل کاشت کرنے والے کسان شدید پریشان ہیں۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق گوجرانولہ ڈویژن کے 70 فیصد پیٹرول پمپس پر ڈیزل دستیاب نہیں ہے،ڈیزل کی مانگ میں غیر معمولی اضافے سے قلت پیدا ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں یکم جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد سے ملک بھر میں پیٹرول کا بحران پیدا ہوگیا تھا اور پیٹرول کی سپلائی معمول پر آنے میں کئی روز لگے۔
وزارت پیٹرولیم کی بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ میں پیٹرول بحران کا ذمہ دار نجی تیل کمپنیوں کو قرار دیا ہے۔