24 جون ، 2020
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) طیارہ حادثے کی رپورٹ پر ردعمل میں کہا ہے کہ اب ہمیں غلطی پر سزائیں دینی ہوں گی، جب تک موجودہ رویہ بدلا نہیں جائے گا ہم پاکستانی ایسے ہی مرتے رہیں گے۔
خیال رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والے پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کردی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ طیارہ پائلٹ اور ائیر ٹریفک کنٹرولر کی غفلت کے باعث گرا۔
اس حوالے سے اپنے ردعمل میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل نے کہا ہے کہ ماضی قریب کے فضائی حادثات کا ڈیٹا دیکھ کر واضح ہوگیا کہ ان حادثات کی اصل وجہ ہمارے پائلٹس کا غیرذمے دارانہ رویہ ہے، کئی چیزوں میں تو ٹریننگ کی کمی ہے لیکن اصل مسئلہ مغرور رویے کا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک موجودہ رویہ بدلا نہیں جائے گا ہم پاکستانی ایسے ہی مرتے رہیں گے، اب ہمیں غلطی پرسزائیں دینی ہوں گی اور جب غلطی پکڑی جاتی ہے تو بچانے یونین آجاتی ہے، پالپا ان کو ہر صورت پروٹیکٹ کرتا ہے، جعلی ڈگریاں، جعلی لائسنس اور پھربھی زعم ایسا کہ ہم ساری دنیا سے بیسٹ ہیں۔
واضح رہے کہ 22 مئی کو کراچی آنے والی قومی ائیر لائن کی پرواز پی کے 8303 جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی جس سے 97 افراد جاں بحق جب کہ دو افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے۔