26 جون ، 2020
لاہور میں بھی گھنٹوں کے حساب سے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس سے شہری شدید پریشان ہیں۔
شدید گرمی کے باوجود فیروزپو رروڈ، کوٹ لکھپت، گلشن راوی، سبزہ زار، سمن آباد ملتان روڈ، باٹا پور اور بیدیاں روڈ سمیت دیگر علاقوں میں لوڈ شیڈنگ جاری ہے جس پر شہریوں نے غصے اور پریشانی کا اظہار کیا ہے۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (لیسکو) کا کہنا ہے کہ صرف لائن لاسز والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے کیونکہ لیسکو کے 1200 میں سے 120 لائن لاسز کےفیڈرز ہیں۔
لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ کے مطابق شہرمیں کہیں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی، صرف 120 لائن لاسزفیڈرز پر 3 سے 6 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال ہمارا نظام ماضی سے بہتر ہے اور ہمارا ترسیلی نظام مکمل فعال ہے چنانچے اگر کہیں تنصیب و مرمت کا کام ہو تو آگاہ کیا جاتا ہے۔
لیسکو چیف نے بتایا کہ کسی علاقے میں اگر انفرادی فالٹ ہوا ہے تو فوری دور کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔