26 جون ، 2020
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کی خود دھجیاں اڑا دیں۔
گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ انگلینڈ سے قبل کرائےگئے کورونا ٹیسٹ میں 10 کھلاڑیوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
پہلے مرحلے میں مثبت آنے والے 10 کھلاڑیوں کے دوبارہ ٹیسٹ لیے گئے اور پی سی بی نے قرنطینہ میں احتیاطی تدابیر کی خود دھجیاں اڑا دیں۔
کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والے کھلاڑیوں کا گھروں پر ٹیسٹ نہیں ہوا بلکہ لاہور کے کرکٹر شوکت خانم اسپتال میں دوسرا ٹیسٹ کرانے گھروں سے باہر نکلے جب کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے کرکٹر ٹیسٹ کرانے پشاور گئے۔
پی سی بی نے لاہور ہوٹل میں موجود کرکٹرز اور عملے کا ٹیسٹ ہوٹل میں ہی کروایا۔
خیال رہے کہ پہلے مرحلے میں کورونا مثبت آنے والے کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، حارث رؤف، حیدر علی، شاداب خان، محمد رضوان، فخر زمان، وہاب ریاض، محمد حسنین، کاشف بھٹی اور عمران خان شامل ہیں۔