04 ستمبر ، 2012
لاہور/پشاور… پنجاب اور خیبر پختونخو اکے پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارشوں سے رابطہ سڑکیں زیر آب آگئیں۔ڈیرہ اسماعیل خان میں رابطہ پلوں کو بھی نقصان پہنچا۔جنوبی وزیرستان میں بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ ڈیرہ غازی خان میں کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں بارشوں کے بعد پہاڑوں سے آنیوالے برساتی ریلوں سے ڈیرہ غازی خان کے برساتی نالوں میں طغیانی آگئی۔طغیانی سے پنجاب بلوچستان شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی ہے جبکہ قبائلی علاقے فاضلہ کچھ اوروادی چنالہ کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔تحصیل پہاڑ پور میں موسلادھاربارش سے کئی مکانات متاثر ہوئے۔پہاڑوں سے آنے والے پانی سے میانوالی ڈی آئی خان روڈ بند ہوگیا جبکہ کئی رابطہ پلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ بنوں شہر اور گردونواح میں بھی بارش ہوئی۔ ٹانک سمیت جنوبی وزیرستان کے تمام علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔نشیبی علاقوں میں گھٹنوگھٹنوں پانی جمع ہوگیا ہے۔ٹانک کو پشاور سے ملانے والی اہم شاہراہ گل امام کے مقام پر سیلابی پانی آنے کی وجہ سے بند ہوچکی ہے۔ مٹھی سمیت صحرائے تھر کے مختلف علاقوں میں بادل چھائے ہیں جہاں گزشتہ رات بادل خوب برسے۔