Time 28 جون ، 2020
صحت و سائنس

کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے 'اینٹی کورونا فیبرک' لانچ

—  اس فیبرک کو عالمی ادارہ صحت کی لیبارٹریوں سے تصدیق کے بعد پیش کیا گیا ہے.

کورونا وائرس مختلف سطحوں پر مختلف دورانیے تک زندہ رہ سکتا ہے اور اس سے بچنے کے لیے ماہرین بلیچ سے صفائی یا دیگر جراثیم کش ادویات سے مختلف سطحوں کو پاک کرنے کی ہدایت دے رہے ہیں۔

ایسے میں حال ہی میں بھارت کی مردوں کے لباس بنانے والی ایک معروف ٹیکسٹائل برانڈ سیارام نے ایک ایسا فیبرک (کپڑا) متعارف کرایا ہے جس کا نام 'اینٹی کورونا فیبرک' ہے۔

کمپنی کی جانب سے تیار کیے جانے والے اس فیبرک کو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی لیبارٹریوں سے تصدیق کرنے کے بعد پیش کیا گیا ہے جو کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

یہ اینٹی کورونا فیبرک کورونا وائرس سے محفوظ رکھنےکی صلاحیت رکھتا ہے  اسے آسٹریلیا کی ایک ہیلتھ گارڈ نامی کمپنی کے ساتھ مل کر بنایا گیا ہے۔

سیارام سلک ملز لمیٹڈ کے سی ایم ڈی رمیش پودار کا کہنا ہے کہ ہمارے جسم کا 90 فیصد حصہ کپڑوں سے ڈھکا ہوا ہوتا ہے جب کہ کورونا وائرس میں یہ خاصیت ہوتی ہے کہ وہ کپڑوں پر دیرتک زندہ رہ سکتا ہے۔

کمپنی کے بیان کے مطابق وہ محفوظ اور جدید بائیوٹیک حل کی تحقیق اور نشونما کے لیے وقف ہیں۔

یہ نیا کپڑا مہلک وبا کورونا وائرس کے خلاف 99.9 فیصد مؤثر ہونے کی ضمانت دیتا ہے، جب کہ یہ دیگر مصنوعات کے مقابلے میں نان لیچنگ خاصیت رکھتا ہے جس میں پانی میں تحلیل نہ ہونے والی پرت ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اسے قدرتی بائیوڈیگریڈ ایبل مصنوعات سے تیار کیا گیا جس کہ وجہ سے یہ کپڑا نرم اور ملائم بھی ہے۔

مزید خبریں :