28 جون ، 2020
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم آج حکومتی و اتحادی اراکین پارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ دے رہے ہیں جس کے اخراجات وہ خود ادا کریں گے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں شہباز گل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے عشائیے میں ون ڈش قورمہ، مٹر چاول اور نان سے معزز مہمانوں کی تواضع کی جائے گی۔
شہباز گل کا کہنا ہے کہ ماضی کے برعکس عشائیے کے اخراجات وزیراعظم اپنی جیب سے اداکریں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آج حکومتی اور اتحادی ارکان پارلیمنٹ کو عشائیے پر مدعو کیا ہے جو وزیراعظم ہاؤس میں دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق عشائیے کی تقریب میں وفاقی بجٹ منظور کرانے کی حکمت عملی پر غور ہوگا اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق حقائق قوم کے سامنے رکھے جانے پر مشاورت ہوگی۔
ذارئع کا کہنا ہے کہ تقریب میں پارٹی کے اندرونی اختلافات، اتحادیوں کے معاملات اور قومی ایشوز پر بات ہوگی اور وزیراعظم پارٹی واتحادی ارکان قومی اسمبلی کومختلف معاملات پر اعتماد میں لیں گے۔
بعدازاں وزیراعظم عمران خان حکومتی ارکان قومی اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔