بجٹ میں ووٹ دینگے لیکن آپ کا کھانا نہیں کھائیں گے: چوہدری شجاعت کا وزیراعظم کو پیغام

حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) نے بھی آج وزیراعظم عمران خان  کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور حکومت کی جانب سے انہیں منانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔

اس حوالے سے ترجمان مسلم لیگ ق کا کہنا تھا کہ حکومت کے اتحادی ہیں مگر عشائیہ میں شریک نہیں ہو رہے کیونکہ پارٹی رہنما مصروف ہیں لیکن بجٹ کی منظوری کے تمام عمل میں حکومت کو ووٹ دے رہے ہیں۔

دوسری جانب  ق لیگ نے اتحادی جماعتوں کی اپنی الگ بیٹھک جمالی ہے اور چوہدری برادران کی جانب سے اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کو عشائیے پر مدعو کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق  اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر  نے اس سلسلے میں چوہدری شجاعت حسین سے رابطہ کرکے ا نہیں منانے کی کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد قیصر  نے چوہدری شجاعت سے درخواست کی کہ ایک رکن قومی اسمبلی ہی بھجوادیں تاکہ ق لیگ کی نمائندگی ہو جائے تاہم چوہدری شجاعت نے ق لیگ کےکسی ایک رکن قومی اسمبلی کوبھی عشائیہ میں بھجوانےسے انکار کردیا۔

سربراہ مسلم لیگ ق نے وزیراعظم کو پیغام میں کہا کہ بجٹ میں ووٹ دینے کا وعدہ تھا، ووٹ دیں گے لیکن آپ کا کھانا نہیں کھائیں گے۔

شیخ رشید نے بھی طبیعت کی خرابی پر معذرت کرلی

رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے بھی طبیعت کی خرابی پر وزیراعظم سے معذرت کرلی ہے۔

دوسری جانب بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی)  نے بھی عشائیے میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔

بی این پی کے رہنما جہانزیب جمالدینی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا عشائیہ حکومتی اتحادیوں کےلیے ہے، ان کی جماعت اب اتحادی نہیں رہی اس لیے ان کا وزیر اعظم کے عشائیہ میں شرکت کا کوئی جواز نہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آج حکومتی ارکان قومی اسمبلی کے اعزاز میں اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کو عشائیے پر مدعو کیا ہے جو وزیراعظم ہاؤس میں دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق عشائیے کی تقریب میں وفاقی بجٹ منظور کرانے کی حکمت عملی پر غور ہوگا اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق حقائق قوم کے سامنے رکھے جانے پر مشاورت ہوگی۔

مزید خبریں :