’ اتحادی نہیں رہے‘: بی این پی کا وزیراعظم کے عشائیے میں شرکت سے انکار

بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی-مینگل) نے  آج وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں شرکت کرنے سے انکار کردیا۔

گزشتہ دنوں بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے حکومتی اتحاد سے علیحدگی اختیار کی تھی۔

تحریک انصاف کی جانب سے منانے کی کوششوں پر ان کا کہنا تھا کہ  حکومت میں جانا اب میرے بس میں نہیں، حکومت سے علیحدگی پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا فیصلہ ہے  کسی فرد واحد کا نہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے آج اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کو عشائیے پر مدعو کیا ہے۔

بی این پی کو بھی عشائیے میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاہم انہوں نے عشائیے میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔

بی این پی کے رہنما جہانزیب جمالدینی نے کہا کہ وزیراعظم کا عشائیہ حکومتی اتحادیوں کےلیے ہے، ان کی جماعت اب اتحادی نہیں رہی اس لیے ان کا وزیر اعظم کے عشائیہ میں شرکت کا کوئی جواز نہیں۔

واضح رہے کہ بی این پی کی علیحدگی سے قبل تحریک انصاف کی حکومت کو قومی اسمبلی میں تمام اتحادیوں کی سپورٹ کے بعد 186 نشستیں حاصل تھی جو اب بی این پی کی حکومت سے دستبرداری کے بعد 182 رہ گئی ہیں جب کہ مرکز میں حکومت برقرار رکھنے کے لیے تحریک انصاف کو 172 ارکان کی سادہ اکثریت درکار ہے جو اب بھی برقرار ہے۔

مزید خبریں :