Time 29 جون ، 2020
پاکستان

مراد سعید کا بلاول کو مناظرے اور الیکشن لڑنے کا چیلنج

وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مناظرے اور الیکشن لڑنے کا چیلنج دے دیا۔

قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران بلاول نے وزیراعظم عمران خان اور وفاقی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔

اس کے بعد وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے قومی اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ بھٹو کے اصل وارث زرداری نہیں فاطمہ بھٹو ہے، فاطمہ بھٹو کی کتاب پڑھ لیں تو آنکھیں کھل جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گردی اسی کو مانتے ہیں جسے امریکا کہتا ہے، یہ امریکا سے ڈرون حملے کرواتے اور یہاں مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جس اسمارٹ لاک ڈاؤن کا وژن دیا، آج غیرملکی بھی اعتراف کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا پی پی چیئرمین کو چیلنج دیتے ہوئے کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری مناظرہ کرنا چاہتے ہیں تو کرلیں، جہاں چاہیں جس وقت چاہیں بحث کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں جس حلقے سے چاہیں، بلاول الیکشن لڑیں میں مقابلے میں الیکشن لڑنے کو تیار ہوں۔

خیال رہے کہ متحدہ اپوزیشن نے وفاقی بجٹ کو مسسترد کردیا تھا جس کے باوجود قومی اسمبلی سے آئندہ مالی سال کا بجٹ منظور کرلیا گیا ہے۔

مزید خبریں :