Time 29 جون ، 2020
پاکستان

اسٹاک ایکسچینج پر حملہ، آرمی چیف جنرل باجوہ کا ردعمل سامنے آگیا

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی گارڈز کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیکیورٹی گارڈز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی گارڈز کے چوکس رہنے کے باعث دہشت گردوں کا حملہ ناکام ہوا۔

آرمی چیف نے سندھ رینجرز اور پولیس کے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کو بھی سراہا اور کہا کہ رینجرز اور پولیس نے مختصر وقت میں دہشت گردوں کا صفایا کیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آپریشنل تیاری مکمل رکھنے پر قانون نافذ کرنے والے ادارے قابل تعریف ہیں، ہم نے اپنی قوم کے عزم اور شہیدوں کی قربانیوں کی بدولت امن حاصل کیا ہے۔

خیال رہے کہ کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور اسٹاک ایکسچینج کے 2 سیکیورٹی گارڈ شہید ہوگئے جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں چاروں دہشتگرد مارے گئے۔

مزید خبریں :