سیالکوٹ کے ڈرائیور کی بیٹی سی ایس ایس امتحان میں کامیاب

سیالکوٹ میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے دفتر میں بطور ڈرائیور کام کرنے والے جان کینیڈی کی بیٹی رابیل کینیڈی نے سینٹرل سپیرئیر سروس (سی ایس ایس) کے امتحان میں کامیابی حاصل کرلی۔

رابیل کینیڈی نے سی ایس ایس میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے اور انہیں فارن سروس کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

رابیل کینیڈی فارن سروس میں فرائض انجام دینے کی خواہشمند ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ سفارتی سطح پر ملک کی بہتر نمائندگی کرنا چاہتی ہوں۔

قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فارن سروس کے لیے منتخب ہونے والی طالبہ رابیل کینیڈی کو فون کیا اور سی ایس ایس میں نمایاں کامیابی اور فارن سروس کے لیے منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

وزیرخارجہ نے رابیل کینیڈی کے والد جان کینیڈی کو بھی مبارکباد دی۔

جان کینیڈی مسیحی برادری سے تعلق رکھتے ہیں اور ایف بی آر میں بطور ڈرائیور تعینات ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سی ایس ایس کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے جس میں ایک مکینک کے بیٹے نے بھی کامیابی حاصل کی ہے۔

سندھ کے ضلع لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے زوہیب قریشی سی ایس ایس امتحانات کے نتائج کی میرٹ لسٹ میں 260 ویں نمبر پر آئے ہیں اور ٹریننگ کے بعد وہ محکمہ لینڈ اینڈ ریونیو میں آفیسر کی حیثیت سے اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔

اس حوالے سے زوہیب قریشی نے بتایا کہ ان کے والد لاڑکانہ میں ایک موٹر مکینک تھے جن کی ہمیشہ سے خواہش تھی کہ ان کے بچے سی ایس ایس آفیسرز بنیں جس کے لیے انہوں نے اپنے دونوں بیٹوں اور بیٹی کو اعلیٰ تعلیم دلوائی۔

مزید خبریں :