Time 30 جون ، 2020
پاکستان

عدالت نے سنتھیا رچی کو رحمان ملک کیخلاف بیان بازی سے روک دیا

اسلام آباد: عدالت نے امریکی بلاگر سنتھیا رچی کو سابق وزیر داخلہ و رہنما پی پی رحمان ملک کے خلاف بیان بازی سے روک دیا۔

اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کی جانب سے امریکی بلاگر سنتھیا رچی کے خلاف 50 ارب روپے ہرجانے کے دعوے کی سماعت کی۔ 

عدالت نے سنتھیا رچی کو رحمان ملک کے خلاف بیان بازی سے روکتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ سماعت تک رحمان ملک کے خلاف ہتک عزت کا کوئی مواد شائع نہ کرے۔

امریکی خاتون سنتھیا رچی کو رحمان ملک کی طرف سے دائر 50 ارب روپے ہرجانے کے دعوے میں 13 جولائی کو عدالت بھی طلب کر لیا گیا۔

معاملے کا پسِ منظر

سنتھیا رچی نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام لگایا ہے۔

پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے سنتھیا رچی کے الزامات کی سختی سے تردید کی گئی ہے اور پیپلز پارٹی نے امریکی خاتون کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کر لیا ہے۔

رحمان ملک کی جانب سے سنتھیا رچی کو 50 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا گیا ہے جب کہ سنتھیا رچی نے یوسف رضا گیلانی کو 12 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا ہے۔

مزید خبریں :