کھیل
Time 01 جولائی ، 2020

قومی کرکٹ اسکواڈ کے ہمراہ انگلینڈ میں موجود فواد عالم کے تاثرات

پاکستان کی کِٹ پہننا، پاکستان کا اسٹار پہننا فخر کی بات ہے، فواد عالم— فوٹو: فائل

 بائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم کا کہنا ہے کہ مشکل دور میں کرکٹ کی واپسی ہو رہی ہے اور اس دور میں ہرکوئی ایک دوسرے کا خیال رکھ رہا ہے، خواہ کوئی چھوٹا ہو یا بڑا ، ایک دوسرے کی مدد کر رہا ہے۔

‏ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ان دنوں ووسٹر میں ڈیرے ڈالے ہو ئے ہے۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز کی تیاریوں کے پہلے مرحلے کا آغاز بھی ہو چکا ہے ۔ پاکستانی اسکواڈ نے گزشتہ روز ٹریننگ شروع کی تھی۔

‏ فواد عالم کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں کارکردگی شاندار رہی ہے لیکن وہ پاکستان ٹیم کی جانب سے موقع کی تلاش میں رہے۔ گزشتہ دو سیریز میں وہ اسکواڈ میں شامل تھے لیکن بینچ پر بیٹھے رہے  لیکن اس مرتبہ قوی امکان ہے کہ انہیں انگلینڈ کے خلاف سیریز میں موقع مل سکتا ہے۔

‏ فواد عالم کا کہنا ہے کہ پاکستان کی کِٹ پہننا، پاکستان کا اسٹار  پہننا فخر کی بات ہے ،  آپ اسی مقصد کے ساتھ کھیلتے ہیں کہ پاکستان کی نمائندگی کرنی ہے اور جب آپ کو موقع ملتا ہے تو پھر آپ اچھا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، میرے لیے بھی یہ فخر کے لمحات ہیں۔

‏فواد عالم نے کہا کہ ہمیں کوچنگ اسٹاف کا بہت فائدہ ہوگا۔ بیٹنگ ہو بولنگ ہو یا اسپن بولنگ کا شعبہ، ہر ایک کے لیے تجربہ کار اسٹاف کی خدمات حاصل ہیں۔ سپورٹ اسٹاف میں بڑے بڑے نام ہیں، ہم انہیں دیکھ دیکھ کر بڑے ہو ئے ہیں، انہیں دیکھ کر کھیلنے کا شوق ہوا اور اب ان سے سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر دو نام تو ایسے ہیں کہ جن کے ساتھ ڈریسنگ روم بھی شیئر کیا ہوا ہے، مصباح الحق اور یونس خان کے ساتھ ہم کھیل چکے ہیں ، اور اب وہ ہمیں سکھانے اور بتانے کے لیے موجود ہیں، میں اسے بڑی زبردست بات سمجھتا ہوں، تب جب کھیل رہے تھے تب بھی سیکھا اور اب بھی ان سے سیکھ رہے ہیں۔

‏فواد عا لم نے کہا کہ  ٹریننگ کے علاوہ فری ٹائم ملتا ہے تو سب احتیاطی تدابیر کے ایس او پیز فالو کرتے ہیں انڈرو گیمز میں مصروف ہو جاتے ہیں۔

مزید خبریں :