Time 01 جولائی ، 2020
پاکستان

اسلام آباد میں مندر کی تعمیر پر فواد چوہدری اور پرویز الٰہی آمنے سامنے

خدا کا شکر ہے امریکی و یورپی رہنما مودی اور پرویز الٰہی کی طرح نہیں سوچتے اور مسلمانوں کو مسجدوں کی تعمیر کی اجازت دیتے ہیں، فواد چوہدری— فوٹو: فائل

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے مسلم لیگ ق کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی  کے اسلام آباد میں مندر سے متعلق بیان پر شدید تنقید کی ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن میں گذشتہ دنوں مندر کی  تعمیرکا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے جس کی زمین گذشتہ دور حکومت میں الاٹ کی گئی تھی۔

اس حوالے سے چوہدری پرویز الٰہی نے ایک ویڈیو بیان میں مندر کی تعمیر پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں مندر کی تعمیر ریاست مدینہ کی  توہین اور اسلام کی روح کے خلاف ہے۔

چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ ہم اقلیتوں کےحقوق کے ساتھ ہیں، پہلے سے موجود مندروں کی مرمت کی جائے۔

ایک ٹوئٹ میں اسپیکر پنجاب اسمبلی کے بیان پر  ردعمل دیتے ہوئے  فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ انہیں چوہدری پرویز الہی کی اس 'قدامت پسند'  سوچ پر سخت حیرت ہوئی ہے۔

 فواد چوہدری نے طنز کرتے ہوئے لکھا ہے کہ  'خدا کا شکر ہے کہ  امریکی اور یورپی رہنما مودی اور پرویز الٰہی جیسوں کی طرح نہیں سوچتے اور  مسلمانوں کو مسجدوں کی تعمیر اور عبادت کی اجازت دیتے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی اور ان  جیسی سوچ رکھنے والوں کو مٰیثاق مدینہ کا مطالعہ ضرور کرنا چاہیے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا مزید کہنا تھا کہ  برداشت اسلام کا بنیادی اصول ہے۔

مزید خبریں :