Time 01 جولائی ، 2020
دنیا

بھارت کی جانب سے درجنوں چینی ایپس بند کرنے پر امریکا کا اظہار مسرت

 اس اقدام سے بھارت کی سالمیت اور قومی سلامتی میں اضافہ ہوگا، امریکی وزیر خارجہ،فوٹو:فائل

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھارت کی جانب سے چینی موبائل ایپس پر پابندی کا خیر مقدم کیا ہے۔

واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ وہ چین کی موبائل ایپس پر بھارتی پابندی کا خیرمقدم کرتے ہیں، بھارت  اپنی سیکیورٹی کو یقینی بنارہا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ  اس اقدام  سے بھارت کی سالمیت اور قومی سلامتی میں اضافہ ہوگا۔

واضح رہے کہ بھارت نے  2 روز قبل چینی ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک سمیت59 ایپلی کیشنز کو بلاک کردیا تھا۔

بھارتی حکومت کی جانب سے چینی ایپلی کیشنز کو بھارتی سالمیت اور سیکیورٹی کے لیے نقصان دہ قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب چین نے بھارت کی جانب سے  چینی موبائل ایپس پر پابندی کو متعصبانہ اور عالمی تجارتی اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔

نئی دہلی میں چینی سفارت خانے کے ترجمان کے مطابق بھارتی حکومت کا یہ اقدام ای کامرس اور مسابقتی مارکیٹ میں صارفین کے مفادکےخلاف ہے۔

علاوہ ازیں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے چینی سوشل میڈیا ویب سائٹ 'سینا ویبو' سے اپنا اکاؤنٹ بھی ڈیلیٹ کردیا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق گزشتہ دنوں لداخ کی گلوان وادی میں چینی فوج کے ہاتھوں بھارتی فوج کی درگت اور اپوزیشن کے سخت ردعمل پر بھارتی حکومت دباؤ کا شکار ہے اور اب بھارت نے عوامی غم و غصہ ٹھنڈا کرنے کے لیے چینی موبائل ایپلی کیشنز پر پابندی عائد کردی ہے۔

مزید خبریں :