دنیا
Time 02 جولائی ، 2020

داعش کی مالی معاونت کیلئے اسمگل کی جانے والی غیر قانونی دوا کی کھیپ پکڑی گئی

 ان گولیوں کا وزن تقریباً 14 ٹن ہے جو کہ کاغذ کے ڈرمز اور پہیوں کے سامان کے ساتھ چھپائی گئی تھیں،فوٹو:یورپین پریس ایجنسی

 اٹلی میں پولیس نے  اسمگل شدہ ایک ارب یورو مالیت کی قوت بخش ادویات قبضے میں لے لی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 'کیپٹاگون ' نامی قوت بخش دوا کی یہ نقل مبینہ طور پر شام میں تیار کی گئی ہیں تاکہ اس کی فروخت سے داعش کی مالی مدد کی جاسکے۔

حکام کے مطابق ایک ارب یورو مالیت کی کیپٹاگون نامی دوا کے فارمولے سے تیار کی گئیں کروڑوں گولیاں  سیلرنو کی بندرگاہ میں کنٹینرز سے برآمد ہوئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان گولیوں کا وزن  تقریباً 14 ٹن ہے  جو کہ کاغذ کے ڈرمز اور پہیوں  کے سامان کے ساتھ  چھپائی گئی تھیں۔

پولیس کے مطابق اتنی بھاری مقدار میں اسمگل شدہ غیر قانونی دواؤں کا ایک وقت میں پکڑے جانا ایک عالمی ریکارڈ ہے، اس حوالے سے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ کہیں ان کا تعلق اٹلی کے مقامی مافیا سے تو نہیں ۔

خیال رہے کہ کیپٹاگون نامی دوا میں  ایمفیٹامین شامل ہوتا ہے جو کہ تحرک میں کمی اور نیند کی خرابی کے شکار افراد کو دی جاتی ہے۔

تاہم لت میں مبتلا کردینے کی خاصیت کی وجہ سے اس دوا پر پابندی ہے اور عام طور پر اس کا استعمال غیر قانونی طور پر کیا جاتا ہے اور حالیہ عرصے میں اسے مشرق وسطیٰ اور افریقا میں جنگجوؤں کی جانب سے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

جنگجو اس دوا کو خود کو متحرک رکھنے کے لیے استعمال کرتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس کے استعمال سے ان کی  لڑنے کی صلاحیت بڑھتی ہے اور  وہ زیادہ سفاک بھی ہوجاتے ہیں۔

مزید خبریں :