پاکستان
Time 02 جولائی ، 2020

پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کا آپریشنز بند، ملازمین کو فارغ کرنیکا فیصلہ

پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے آپریشنز بند کرنے اور ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پی ٹی ڈی سی نے اپنا شمالی آپریشن بند کرنے اور ملازمین کو فارغ کرنے کانوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق آپریشن بندکرنے، ملازمین کو نکالنےکافیصلہ مسلسل مالی نقصان کےباعث کیا گیا۔ آپریشن بند کرنے،ملازمین کوفارغ کرنےکافیصلہ کورونا وبا کے باعث کیا گیا جبکہ فارغ شدہ ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ منیجرز سے اپنے واجبات وصول کرلیں۔

دوسری جانب ملازمین اس اقدام پر سراپا احتجاج ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی ڈی سی نے انہیں بغیرواجبات ادائیگی نوکری سے نکال دیا۔

ملازمین کا کہنا ہے کہ ملک بھرمیں 30 سے زائد پی ٹی ڈی سی موٹلز بند کردیے گئے ہیں۔ پی ٹی ڈی سی نےایک جھٹکے میں 400 ملازمین کو نوکری سے نکال دیا۔

ملازمین کا کہنا ہے کہ فارغ شدہ ملازمین کی اکثریت گزشتہ 20سال سےپی ٹی ڈی سی کےساتھ وابستہ تھی،موٹلز کے علاوہ فلیش مین ہوٹل اور پاک ٹورز کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

ملازمین کا کہنا ہے کہ عدالت نے پی ٹی ڈی سی ملازمین کی نوکریوں سےفراغت پر اسٹے دے رکھا ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں سیاحت کے فروغ کے خواہاں ہیں اور اپنی متعدد تقریروں میں وہ سیاحت کے فروغ کا تذکرہ کرچکے ہیں۔

مزید خبریں :