پاکستان
Time 02 جولائی ، 2020

اسٹاک ایکسچینج حملے میں ہلاک دہشتگرد کے اہلخانہ لاش لینے کراچی پہنچ گئے

پاکستان اسٹاک ایکسچینچ پر حملے کے دوران ہلاک ہونے والے 4 دہشتگردوں میں سے ایک کے اہل خانہ میں دہشتگرد کی لاش لینے کیلئے کراچی پہنچ گئے۔

محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد کے اہل خانہ ایدھی سرد خانہ لاش لینے کے لیے پہنچے ہیں۔

سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ لاش قانونی کارروائی کے بعد اہلخانہ کے حوالے کی جائے گی۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد کی خالہ اور بہن لاش لینے کراچی پہنچی ہیں، دہشت گرد کے اہلخانہ بلوچستان سے کراچی آئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اہل خانہ سے قانونی کارروائی مکمل کرنے کیلئے شناختی دستاویزات طلب کیے گئے ہیں۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ اہل خانہ کو ہدایت کی ہے کہ قانونی کارروائی مکمل کر کے لاش لے لیں۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر 4 دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور اسٹاک ایکسچینج کے 3 سیکیورٹی گارڈز شہید ہوگئے تھے جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں چاروں دہشت گرد مارے گئے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والے 4 میں سے ایک دہشت گرد کراچی میں ہی موجود تھا جب کہ 3 دہشت گرد حب کے راستے کراچی آئے تھے۔

مزید خبریں :