Time 02 جولائی ، 2020
پاکستان

شہباز گِل نے شوگر ملز سے سستی چینی نہ خریدنے کے معاملے کی وضاحت کردی

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل نے شوگر ملز سے سستی چینی نہ خریدنے کے معاملے کی وضاحت کردی۔

اپنے بیان میں شہباز گل نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹور کو 15 جون کو شوگر ملز ایسوسی نے خط لکھا کہ 60 ہزارٹن چینی 25 جون تک اٹھالیں، صرف10 دن دیے گئے، یہ سب کو پتہ تھا کہ یہ ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ  یوٹیلٹی اسٹورز کو  پیپرا رولز کہ تحت ٹینڈر کرنا لازمی ہوتا ہے، شوگرملز ایسوسی ایشن نے حجت تمام کرنے کیلئے 15 جون کو خط لکھا،  شوگرملز ایسوسی ایشن جانتی تھی کہ 10 دن میں یہ چینی نہیں خریدی جاسکتی۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت شوگر ملز کی جانب سے سستی چینی خریدنے کی پیشکش سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی ہے، شوگر ملز نے 70 روپے فی کلو کے حساب سے 60 ہزار ٹن چینی 25 جون تک اٹھانے کی پیشکش کی لیکن حکومت کاغذی کارروائیوں میں الجھی رہی اور ڈیڈ لائن گزر گئی۔

بعد میں یہی چینی کم سے کم بولی 78 روپے 33 پیسے فی کلو میں خریدی گئی جب کہ یوٹیلٹی اسٹورز ذرائع کے مطابق پیپرا قوانین سے استثنیٰ مل جاتا تو دو تین دن میں دستیاب چینی اٹھائی جاسکتی تھی تاہم اب یوٹیلٹی اسٹورز نے مہنگی چینی اٹھانے کے پرچیز آرڈر بھی جاری کردیے ہیں۔

مزید خبریں :