Time 03 جولائی ، 2020
پاکستان

کراچی میں لوڈشیڈنگ 8 گھنٹے تک جا پہنچی ، رات گئے بھی بجلی کی بندش

کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 گھنٹے تک جا پہنچا جب کہ کے الیکٹرک نے رات گئے بھی بجلی کی بندش شروع کردی۔

 شہر قائد کے مختلف علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، اختر کالونی،کشمیر کالونی، محمود آباد، منظور کالونی، گجر چوک، پی ای سی ایچ سوسائٹی، گلستان جوہر، گلشن اقبال، الہلال سوسائٹی، کے ڈی اے اسکیم سیون، لیاقت آباد سی ون ایریا، گلستان جوہر بلاک 19، گلستان جوہر بلاک 8، عزیز آباد، کریم آباد،صدر، آئی آئی چندریگر روڈ اور ملیر سمیت مختلف علاقوں میں رات گئے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے تو کہیں بجلی نے آنا اور جانا لگائے رکھا۔

شہر میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 8 گھنٹے تک جا پہنچے ہے اور کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔

شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی طویل بندش سے شہریوں کے معمولات زندگی متاثر ہورہے ہیں تو وہیں آن لائن کلاسز والے بچوں کو بھی بجلی نہ ہونے کے باعث کلاسز لینے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

کے الیکٹرک کا مؤقف

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہےکہ کراچی ایٹمی بجلی گھر سے کےالیکٹرک کو ملنے والی 60 میگاواٹ بجلی کی سپلائی معطل ہے۔

جب کہ ذرائع ایس ایس جی سی کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو 50 ایم ایم سی ایف ڈی اضافی گیس فراہم کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ  پی ایس او ذرائع کے مطابق  شہر میں بجلی کی طلب 3000 سے 3200 میگاواٹ ہے اور کے الیکٹرک کو فرنس آئل بھی مطلوبہ مقدار یعنی 61000 ٹن سے زائد فراہم کیا جاچکا ہے۔

مزید خبریں :