Time 03 جولائی ، 2020
پاکستان

نیب کو شاہد خاقان کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کیلئے 6 اگست کی ڈیڈلائن

— شاہد خاقان عباسی/فائل فوٹو

نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی کا ضمنی ریفرنس دائر کرنے کے لیے احتساب عدالت نے مزید چار ہفتے کا وقت مانگ لیا جس پر عدالت نے نیب کو 6 اگست تک کی آخری تاریخ دے دی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ایل این جی کیس کی سماعت کی جس کے دوران کورونا وائرس سے صحتیابی کے بعد سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ 

نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ایل این جی کیس میں کچھ نیا ریکارڈ ملا ہے جس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر عثمان مرزا نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ضمنی ریفرنس تیاری آخری مراحل میں ہے ، ریفرنس مکمل کرنے کیلئے مزید تین سے چار ہفتے درکار ہوں گے۔ 

جج احتساب عدالت نے کہا جب ضمنی ریفرنس آئے گا، تب ہی فرد جرم عائد کی جائے گی۔ 

شاہد خاقان عباسی کے وکیل نے کہا 2سال تک نیب مختلف سوالات ہمیں دیتا رہا، ساڑھے 6ماہ جیل میں رکھنے کے باوجود نیب ریفرنس دائر نہیں کر سکا، ہمارے ساتھ ایسا تماشا نہ لگایا جائے۔ 

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ نیب جب تک ضمنی ریفرنس دائر نہیں کرتا تب تک کیس کی سماعت ملتوی کر دی جائے۔ 

احتساب عدالت نے نیب کو شاہد خاقان عباسی کے خلاف تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے 6 اگست تک ضمنی ریفرنس داخل کرانے کی حتمی مہلت دی۔ 

جج اعظم خان نے کہا ضمنی ریفرنس دائر کرنے کے لیے یہ آخری مہلت ہے، نیب تفتیش مکمل کرکے 6 اگست تک حتمی ریفرنس دائر کرے۔

مزید خبریں :