کاروبار
Time 03 جولائی ، 2020

لوڈشیڈنگ سے تنگ کراچی والوں کیلئے بجلی مزید مہنگی کرنے کی منظوری

لوڈ شیڈنگ سے ستائے کراچی کے شہریوں کے لیے بری خبر یہ ہے کہ ان کے لیے بجلی مزید مہنگی کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی منہگی کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹیرف میں اضافہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا جائے گا، کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی ٹیرف میں 2 روپے 89 پیسے تک اضافے کے منظوری دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک کے صارفین پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا عمل درآمد تین ماہ بعد ہوگا۔

علاوہ ازیں ای سی سی نے احساس پروگرام کے تحت 37 لاکھ مستحقین کو امداد کی منظوری بھی دے دی، 37 لاکھ افراد کو 29 ارب 72 کروڑ روپے کی نقد امداد فراہم کی جائے گی، مستحقین کو 12 ہزار روپے فی کس امداد فراہم کی جائے گی۔

رواں مالی سال احساس پروگرام کیلئے مختص 200 ارب روپے سے امداد فراہم کی جائے گی، تخفیف غربت ڈویژن نے 31 لاکھ نئے مستحقین کو امداد فراہم کرنے کی سفارش کی تھی۔

اجلاس میں سوئی ناردرن کی طرف سے بتایا گیا کہ 91 فیصد گھریلو صارفین 121 روپے ماہانہ بل ادا کرتے ہیں، ای سی سی نے اوگرا کو معاملہ کا حل تلاش کرنے کی ہدایت کردی، اس معاملہ پر غور کے بعد پالیسی سازی کی جائے گی تاکہ گیس کے شعبے میں گردشی قرض کو روکا جاسکے۔

مزید خبریں :