کھیل
Time 03 جولائی ، 2020

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق ہونا چاہیے: بابر اعظم

‏پاکستان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ رواں سال شیڈول کے مطابق ہونا چاہیے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک آسٹریلیا میں شیڈول ہے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے میگا ایونٹ کو ملتوی کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں جب کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایونٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ ہو چکا ہے بس باضابطہ اعلان ہونا باقی ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈز کے سربراہان بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بارے میں کہہ چکے ہیں کہ رواں برس شاید کوئی بھی آئی سی سی کا ایونٹ ممکن نہ ہوسکے۔

 پاکستان کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے جیو نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ 'میرے خیال میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسی برس شیڈول کے مطابق ہونا چاہیے، بحیثیت کھلاڑی اور کپتان یہ میرا پہلا ورلڈ کپ ہے تو میں چاہوں گا کہ یہ ٹورنامنٹ ہو تاہم اس کے حوالے سے فیصلہ آئی سی سی نے کرنا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ دیکھتے ہیں کہ آئی سی سی کیا فیصلہ کرتی ہے جو بھی فیصلہ ہو گا ہمیں اس کے مطابق چلنا ہے۔

خیال رہے کہ ‏ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ بھی کورونا کی وجہ سے متاثر ہو رہی ہے، کئی ٹیسٹ سیریز ملتوی ہو چکی ہیں جب کہ بنگلا دیش کے خلاف پاکستان کا بھی ایک ٹیسٹ التواء کا شکار ہے۔

بنگلا دیش اور نیوزی لینڈ کی سیریز بھی ملتوی ہوئی ہے۔ 

‏ تینوں فارمیٹ کے ٹاپ فائیو کھلاڑیوں میں شامل بابرا عظم کا کہنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے تمام کھیلوں کی طرح کرکٹ بھی متاثر ہوئی ہے اور کئی سیریز التواء کا شکار ہو ئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کو آگے بڑھانا چاہیے، اس سے تمام ٹیموں کو یکساں مواقع میسر آئیں گے اور کھلاڑیوں کی پرفارمنس بھی زیادہ سامنے آئیں گی۔

مزید خبریں :