04 جولائی ، 2020
کراچی: کے الیکٹرک نے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ میٹنگ کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کے الیکٹرک نے گورنر سندھ کو خط لکھا ہے جس میں آگاہ کیا گیا ہے کہ ادارہ گورنر سندھ اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ میٹنگ کے لیے تیار ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک ملاقات میں پچھلے سالوں میں کی گئی سرمایہ کاری اور آئندہ کے منصوبوں سے متعلق تمام ابہام پر بات کرنے کے لیے تیار ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک نے مزید کہا کہ 900 میگاواٹ کے پاور پلانٹ پر گزشتہ سال سے کام جاری ہے اور پہلا یونٹ 2021 میں کام شروع کردے گا جب کہ گزشتہ ماہ نیشنل گرڈ سے اضافی بجلی کے حصول کے لیے تصدیق ملتے ہی کام شروع کر دیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملاقات میں کے الیکٹرک گورنر سندھ کو آنے والی بارشوں کے حوالے سے بھی اپنی تیاریوں سے آگاہ کرے گا، علاوہ ازیں شہر کے مسائل، کنڈے، غیر قانونی اسٹریٹ لائٹس اور کیبلز کے نقصانات پر بات کی جائے گی۔