04 جولائی ، 2020
بھارت میں کورونا وائرس قابو سے باہر ہونے لگا جہاں ایک ہی روز میں 22 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس کے دوران یہ اب تک دوسری مرتبہ ایک ہی دن میں سب سے زیادہ کیسز کی تعداد ہے اور ملک میں یکم جون سے اب تک کورونا کے 4 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 ہزار 771 نئے کیسز سامنے آنے سے ملک میں کیسز کی کل تعداد 6 لاکھ 48 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہی 442 افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔
بھارتی وزیر صحت کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 18600 سے بھی تجاوز کرگئی ہے جب کہ اب تک 3 لاکھ 94 ہزار سے زائد مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔
بھارتی وزارت صحت کے مطابق ریاست مہاراشٹرا کورونا سے بری طرح متاثر ہے جہاں کل کیسز کی تعداد تقریباً ایک لاکھ 93 ہزار ہے جب کہ ہلاکتیں 8376 تک جا پہنچی ہے، جمعہ کے روز ریاست میں 198 افراد وائرس سے ہلاک ہوئے۔
وزارت صحت کا بتانا ہےکہ ریاست تامل ناڈو دوسرے نمبر پر کورونا سے بری طرح متاثر ہے جہاں کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے اور جمعہ کے روز سب سے زیادہ 4329 کیسز سامنے آئے جب کہ 64 افراد کی ہلاکت سے اموات کی تعداد 1385 ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ ریاست کرناٹکا میں بھی جمعہ کے روز ریکارڈ 1694 کیسز سامنے آئے جس سے مریضوں کی تعدد 19710 ہوگئی ہے اور 21 افراد کی ہلاکت سے اموات 293 ہوچکی ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق اس سے قبل ریاست کرناٹکا میں ایک روز کے دوران سب سے زیادہ 1502 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی بھی کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے جہاں گزشتہ ہفتے ایک روز کے دوران سب سے زیادہ 3947 کیسز سامنے آئے جس سے صرف دہلی میں کیسز کی تعداد 94000 تک جا پہنچی ہے جب کہ اب تک 2923 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
بھارتی وزارت صحت کے مطابق گجرات میں ایک روز میں سب سے زیادہ 687 کیسز کے ساتھ کل کیسز 34000 اور ریاست آسام میں ایک روز میں 1900 کیسز کے بعد کل مریضوں کی تعداد 9799 ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ ملک میں بڑی تعداد میں کورونا کیسز سامنے آنے سے بھارت دنیا بھر میں سب سے زائد کیسز والے ممالک میں چوتھے نمبر پر ہے ۔