پاکستان
Time 05 جولائی ، 2020

بارشوں کا امکان، نیپرا کی کے الیکٹرک کو ٹیمیں متحرک کرنے کی ہدایت

کراچی میں آج رات سے بارشوں کی پیشگوئی کے باعث نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کو  ٹیمیں متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے۔

گذشتہ سال بارشوں میں نیپرا نے کرنٹ لگنے سے19 ہلاکتوں کا ذمہ دارکے الیکٹرک کو قراردیا تھا اور  کے الیکٹرک پر 5 کروڑ روپے کا جرمانہ بھی عائد  کیا گیا تھا جس کا معاملہ عدالت میں ہے۔

تاہم ہلاکتوں کے بعد کے الیکٹرک کو اپریل 2020 تک سسٹم کی ارتھنگ مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک 80 فیصد ارتھنگ مکمل ہو سکی ہے جب کہ نیپرا نے کے الیکٹرک کو مکمل سسٹم کی ارتھنگ 31 جولائی تک مکمل کرکے رپورٹ تھرڈ پارٹی سے تصدیق  کے بعد جمع کرانے کا کہا گیا ہے۔

ذرائع  کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات کے تحت نیپرا نے رواں برس کسی ناخوشگوار واقعے سے پہلے ہی کے الیکٹرک کو الرٹ رکھنے کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔

خیال رہے  کہ محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ میں آج رات سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کہیں معتدل اور کچھ مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی رہے گا۔

مزید خبریں :