Time 05 جولائی ، 2020
پاکستان

پی ٹی آئی نے ایم پی اے عظمیٰ کاردار کی پارٹی رکنیت ختم کردی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر اپنی رکن صوبائی اسمبلی اور سابق ترجمان پنجاب حکومت عظمیٰ کاردار کی بنیادی رکنیت ختم کردی۔

 پی ٹی آئی کی کمیٹی برائے نظم و احتساب نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

پی ٹی آئی کمیٹی کے مطابق عظمیٰ کاردار کو 15 جون کو اظہار وجوہ کا نوٹس دیا گیا تھا، ان کا رویہ نامناسب اور منصب کے شایانِ شان نہیں۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عظمیٰ کاردار  کسی پارلیمانی منصب کی بھی اہل نہیں ہیں، انہیں پی ٹی آئی ایپلیٹ کمیٹی میں فیصلہ چیلنج کرنے کے لیے 7 روز دیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی کی ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب عظمیٰ کاردار کا کہنا ہے کہ ابھی تک پارٹی قیادت کی جانب سے باضابطہ کسی فیصلے سے آگاہ نہیں کیا گیا، میڈیا کے ذریعے پارٹی رکنیت سےمعطلی کی خبر ملی ہے۔

عظمیٰ کاردار کا کہنا ہے کہ وہ اپنے وکلاء سے مشورے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گی۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردار کی خاتون اول کے حوالے سے گفتگو پر مبنی ٹیلی فونک کال لیک ہوئی تھی  جس کے بعد انہیں حکومتِ پنجاب کے ترجمان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

مزید خبریں :