پاکستان
Time 05 جولائی ، 2020

پنجاب میں کورونا کے مریضوں پر جوڑوں کے درد کے انجیکشن کے مثبت نتائج سامنے آگئے

پنجاب میں جوڑوں کے درد میں استعمال ہونے والے انجیکشن ایکٹمرا کے کورونا وائرس کے مریضوں پر استعمال کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

 جنرل اسپتال لاہور کے 54 مريضوں کو یہ انجیکشن لگایا گيا جن میں سے 75 فیصد  مریض 2 انجیکشن لگنے کے 10 روز کے اندر صحت یاب ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق 54 میں سے 7 مریضوں کی موت بھی واقع ہوئی تاہم وہ وہ پہلے سے گردوں اور شوگر کے مرض میں بھی مبتلا تھے۔

ڈاکٹروں کے مطابق صرف اس انجیکشن سے فائدہ نہیں ہوتا بلکہ دیگر دوائيں بھی ساتھ دی جاتی ہیں، اس انجیکشن سے مریض کے گردے متاثر ہونے اور دیگر انفیکشنز کا خطرہ بھی رہتا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ایکٹمرا انجیکشن اور ضروری ادویات ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اور متعلقہ ادارے بلا امتیاز ایکشن لیں اور رپورٹ پیش کریں، ہنگامی حالات میں ادویات یا انجیکشن کی قلت کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔

خیال رہے کہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 81 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ اب تک 1871 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :