کھیل
Time 06 جولائی ، 2020

قومی ٹیم کے مزید 3 کرکٹر بدھ کو انگلینڈ روانہ ہوں گے

 تینوں کھلاڑی اور ٹیم مساجر دو بار کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انگلینڈ جانے کے اہل ہوئے ہیں،فوٹو:فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مزید 3 کھلاڑی اور مساجر بدھ کی صبح انگلینڈ روانہ ہوں گے جنہیں ووسٹر میں کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد قومی اسکواڈ کو جوائن کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

8 جولائی کو روانہ ہونے والے تیسرے گروپ میں قومی کرکٹر حیدر علی ، عمران خان سینئر اور کاشف بھٹی شامل ہیں جب کہ قومی ٹیم کے مساجر ملنگ علی بھی کھلاڑیوں کے ہمراہ جائیں گے۔

 تینوں کھلاڑی اور ٹیم مساجر دو بار کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انگلینڈ جانے کے اہل ہوئے ہیں،کھلاڑی نجی ائیرلائن کے ذریعے براستہ دبئی لندن پہنچیں گے اور لندن سے 4 رکنی دستہ بس پر ووسٹر روانہ ہوگا۔

انگلینڈ پہنچنے پر کھلاڑیوں اور مساجر کی دوبارہ کورونا ٹیسٹنگ کی جائے گی اور کوویڈ19 ٹیسٹ منفی آنے کے بعد کھلاڑی ٹیم کو جوائن کر سکیں گے۔

خیال رہے کہ قومی کرکٹرز اور مساجر دو بار کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے تاخیر سے جا رہے ہیں جب کہ اعلان کردہ اسکواڈ میں شامل فاسٹ بولر حارث رؤف واحد کھلاڑی ہیں جو ابھی تک مہلک کورونا وائرس میں مبتلا ہیں اور انہیں دو بار کوویڈ19 ٹیسٹ نیگیٹو آنے کے بعد انگلینڈ بھیجا جائے گا.

سیریز کے لیے انگلینڈ جانے والا یہ تیسرا گروپ ہو گا، گذشتہ روز چھ کھلاڑی پر مشتمل دوسرا گروپ وورسٹر میں قومی ٹیم کو جوائن کر چکا ہے۔

اسکواڈ مکمل ہونے کے بعد ووسٹر میں کھلاڑیوں کی تعداد کا فیصلہ کیا جائے گا اس وقت انگلینڈ میں پاکستان ٹیم کے 27 کھلاڑی ہیں جب کہ شعیب ملک اور حارث رؤف نے ابھی انگلینڈ جانا ہے۔

مزید خبریں :