06 جولائی ، 2020
کورونا کے باعث فٹبال کی طرح کرکٹ میچ کے دوران خالی اسٹیڈیم میں مصنوعی تماشائیوں کا شور لگایا جائے گا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں شائقین کرکٹ کا مصنوعی شور اسٹیڈیم میں استعمال کیا جائے گا۔
نقلی تماشائیوں کاشور اور میوزک چلانے کے حوالے سے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ میں اتفاق ہوگیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق خالی اسٹیڈیم میں مصنوعی شورکا مقصدکھلاڑیوں کوپہلے جیسا ماحول فراہم کرنا ہے جس کے لیے پرانے میچز کی آڈیوز کو ایڈٹ کیا جا رہا ہے۔
انگلینڈ اور ویسٹ انڈیزکی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 8 جولائی سے ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں ختم ہو کر رہ گئی ہیں، کھیلوں کی بحالی کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے اور بغیر تماشائیوں کے مقابلے شروع کرانے پر زور دیا جارہا ہے تاکہ گھر بیٹھے افراد کو تفریح فراہم کی جاسکے ۔
یورپ کے مختلف فٹبال کلبوں کی جانب سے خالی اسٹیڈیم میں مصنوعی آوازوں کا استعمال کیا جارہاہے تاکہ کھلاڑی اجنبیت محسوس نہ کریں۔
گذشتہ دنوں بیلا روس میں ہونے والے ایک فٹبال میچ میں مصنوعی آوازوں کے ساتھ اسٹیڈیم میں گتے کے شائقین بھی بٹھائے گئے تھے۔