پاکستان
Time 06 جولائی ، 2020

میڈیا سے محاذ آرائی مناسب نہیں، چوہدری شجاعت کا وزیراعظم کو خط

مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر نجی چینل کی بندش اور میڈیا پر پابندیوں کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

چوہدری شجاعت حسین نے اپنے خط میں وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اتحادی جماعت کے سربراہ کی حیثیت  سے انہیں خط لکھ رہے ہیں۔

چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ پہلے  ایڈیٹر انچیف جیو جنگ گروپ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری سے متعلق آپ کو آگاہ کیا تھا، اب چینل 24 نیوز کا لائسنس معطل ہونے پر آپ کو خط لکھ رہا ہوں۔

 ان کا کہنا ہے کہ چینل 24 کے خلاف کارروائی سے ریاست کے چوتھے ستون کو نشانہ بنانے کا تاثر مل رہا ہے، آئین میں دی گئی اظہار رائے کی آزادی سلب کی جارہی ہے۔

سربراہ ق لیگ نے وزیراعظم سے کہا کہ میرے خط کو تنقید کے پیرائے میں نہ لیا جائے،حکومت اور میڈیا کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کا نقصان آپ کو ہو رہا ہے، میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، اس سے محاذ  آرائی مناسب نہیں۔

مزید خبریں :