06 جولائی ، 2020
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے دوران پاکستان سمیت بین الاقوامی برادری کی مدد کرنے پر عالمی ادارہ صحت کے کردار کو سراہتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بات چیت ہوئی۔
ڈاکٹر ٹیڈروس نے کہا کہ حکومت پاکستان کے کورونا سے نمٹنے کے لیے اقدامات قابل ستائش ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان سمیت بین الاقوامی برادری کی مدد کرنے پر عالمی ادارہ صحت کے کردار کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر کی سہولیات کی فراہمی کے لیے سائنسی بنیادوں پر اعداد و شمار پر مبنی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں، معمولات زندگی اور حفاظتی اقدامات کے درمیان توازن کی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں جس سے وبا کے پھیلاؤ میں کمی آ رہی ہے تاہم ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے سفری پابندیوں سے ترقی پذیر ممالک کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک کے لیے سفری پابندیوں کے خاتمے میں کردار ادا کرے اور اعداد و شمار کی بنیاد پر بلا امتیاز سفری قوائد مرتب کیے جائیں۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈی جی ڈاکٹر ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کورونا کی وجہ سے سفر سے متعلق گائیڈ لائنز پر کام کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث 4700 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔