09 فروری ، 2012
کراچی … سندھ ہائی کورٹ نے ضلع نوشہرو فیروزمیں نئی حلقہ بندی کے لئے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن، وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور صوبائی محکمہ مالیات کو دوبارہ 2 مارچ کو کمنٹس داخل کرنے کے لئے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ درخواست میں الیکشن کمیشن کے اس اعلان کو بنیاد بنایا گیاہے کہ 2013ء کے عام انتخابات پرانی حلقہ بندیوں کی بنیاد پر ہوں گے جبکہ نئی مردم شماری2013ء کے آخر میں ہوگی۔ درخواست گزار مریدعلی شاہ ایڈووکیٹ کا کہنا ہے ضلع نوشہرو فیروز میں حلقہ بندی 1998ء کی مردم شماری کی بنیاد پر کی گئی تھی لیکن اس کے بعد آبادی میں کافی اضافہ ہوا ہے اور 1998ء میں بنائے گئے قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں 2012ء کے انتخابی فہرستوں کی بنیاد پر انتخابات کا انعقاد قانون کے مطابق نہیں ہوگا۔ درخواست میں مرکزی اور صوبائی الیکشن کمیشن، مرکزی اور صوبائی حکومتوں اور صوبائی محکمہ ریونیو اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔