پاکستان
Time 09 جولائی ، 2020

عید الاضحیٰ پر حکومت کی جانب سے صرف ایک چھٹی دیے جانے کا امکان

پاکستان میں عید الاضحیٰ جمعے کو ہونے کی صورت میں حکومت کی جانب سے صرف ایک چھٹی دیے جانے کا امکان ہے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری دفاتر اور اداروں میں عید کی اضافی چھٹیاں نہیں دی جائیں گی۔

وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ عید کے مخصوص دنوں کےعلاوہ کوئی اضافی چھٹی نہ دی جائے۔ 

اس حساب سے چھٹیاں تو عید کے تین دن ہی ہوں گی لیکن عملی طور پر صرف جمعہ کو سرکاری ملازمین کی چھٹی ہوگی کیوں کہ ہفتہ اور اتوار تو ہفتہ وار چھٹیاں ہوتی ہیں۔

آج وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں آئسولیشن اسپتال کا افتتاح کرتے ہوئے اپنے خطاب میں عوام سے عید الاضحیٰ سادگی سے منانے کی اپیل کی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ  شہری گزشتہ عید کی طرح اس عید پر بھی لاپروائی نہ برتیں، اسمارٹ لاک ڈاؤن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں ، کورونا کا گراف نیچے جا رہا ہے، اگر عید الاضحیٰ پر بھی لاپروائی برتی تو وائرس بہت تیزی سے پھیلے گا۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری پیش گوئی کرچکے ہیں کہ پاکستان میں عید الاضحیٰ 31 جولائی بروز جمعہ ہوگی تاہم اس کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔

مزید خبریں :