پاکستان
Time 09 جولائی ، 2020

شوگر ملز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم سے ملاقات کیلئے حماد اظہر سے مدد مانگ لی

شوگر ملز ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر برائے صنعت وپیداوار حماد اظہر کو خط لکھ کر  وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرانے میں مدد کی درخواست کی ہے۔

 شوگر ملز ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر حماد اظہر کو خط کہا ہے کہ وہ وزیراعظم سے ملاقات کرکے  اپنا مؤقف پیش کرنا چاہتے ہیں اور  شوگر انڈسٹری سے متعلق وزیراعظم کی غلط فہمیوں کو دور کرنا چاہتے ہیں۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے  شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس بھی جلد بلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔

خیال رہے کہ مئی میں حکومت چینی بحران پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ کا فارنزک کرنے والے کمیشن کی حتمی رپورٹ منظر عام پر لے آئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق جہانگیر ترین، مونس الٰہی، شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ، اومنی گروپ اور عمرشہریار نے چینی بحران سے فائدہ اٹھایا۔

رپورٹ میں لکھا گیا ہےکہ شوگرملز کسانوں کو امدادی قیمت سے کم قیمت دیتے ہیں اور کسانوں کو گنے کےوزن میں 15 فیصد سے زیادہ کٹوتی کی جاتی ہے،کچی پرچی اور کمیشن ایجنٹ کے ذریعے کم قیمت پر کسانوں سےگنا خریدا جاتا ہے اور اس کی لاگت زیادہ دکھائی جاتی ہے۔

 رپورٹ میں چینی اسیکنڈل میں ملوث افراد کےخلاف فوجداری مقدمات درج کرنے اور ریکوری کرنےکی سفارش کی گئی ہے جب کہ رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ ریکوری کی رقم گنےکےمتاثرہ کسانوں میں تقسیم کردی جائے۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن نے انکوائری کمیشن کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی چیلنج کیا تھا۔

مزید خبریں :