Time 07 جون ، 2020
پاکستان

چینی پر سبسڈی کا معاملہ نیب اور ٹیکس کا ایف بی آر کو بھیجا جارہا ہے: شہزاد اکبر

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ شوگر انکوائری رپورٹ پر عمل درآمد کے لیے چینی پر 29 ار ب روپے کی سبسڈی کا معاملہ قومی احتساب بیورو(نیب) کو بھیجا جارہا ہے، سزا کے ساتھ ریکوری بھی کی جائے گی۔

اسلام آباد میں وزیر اطلاعات شبلی فراز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا فیصلہ ہے کہ چاہےکوئی شخص کتناہی طاقت ور ہو جوابدہی کرنی ہوگی، وزیراعظم نے چینی کمیشن کی سفارشات کی منظوری دےدی ہے۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ چینی انکوائری کمیشن کی سفارشات میں کہاگیا ہےکہ بحران میں ملوث لوگوں سے ریکوری ہونی چاہیے، چینی کی قیمت کوکنٹرول کرنے سے متعلق بھی سفارشات دی ہیں جب کہ 20 سے 25 سال کی سبسڈی کی تحقیقات کے لیے ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب کا کہنا تھا کہ 2019-2018 میں وفاق اور پنجاب حکومت کی طرف سے دی گئی سبسڈی بھی نیب دیکھے گا، سندھ حکومت کی  پچھلے 20، 25 سال میں دی گئی تمام سبسڈیز کا معاملہ بھی نیب کو بھیجا جائے گا، سبسڈی کی مد میں کس نے کیا فائدہ اٹھایا اس کا بھی پوری چھان بین کی جائے گی۔

ٹیکس سے متعلق معاملات ایف بی آر کو دے رہے ہیں: شہزاد اکبر

شہزاد اکبر نے مزید بتایاکہ حمزہ شوگر ملز اور جہانگیر ترین کی جے ڈی ڈبلیو کا ٹیکس فراڈ سامنے آیا ہے، چینی بحران کے ٹیکس سے متعلق معاملات فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو دے رہے ہیں، 5 سال کے فارنزک آڈٹ میں سیلز ٹیکس فراڈ اورانکم ٹیکس کم دینےکے شواہد ملے ہیں، ایف بی آر کو 90 دن میں کارروائی اور ریکوری شروع کرنے کے لیے کہا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی افغانستان ایکسپورٹ کے معاملے کی تحقیقات بھی ایف آئی اے کرے گی جب کہ مسابقتی کمیشن 90 روز میں چینی کےکاروبار میں گٹھ جوڑکی تحقیقات کرےگا اور  اسٹیٹ بینک کو بھی ایسے معاملات میں 90 روز میں کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو 2018 میں مینڈیٹ احتساب کے لیے ملا، 9 شوگر ملز کے بعد دیگر جو ملز ہیں، ان کی بھی تحقیقات ہوں گی، شوگر انڈسٹری میں اہم سیاسی لوگوں کا اثرورسوخ ہے، پاکستان کی تاریخ میں خود احتسابی کی ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔

جب احتساب ہوتا ہے توبلاول اے پی سی بلاتے ہیں: شبلی فراز

اس موقع پر وزیراطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ  لوگ کہتے تھے کہ بڑے بڑے نام ہیں، بات یہیں رہ جائےگی، ماضی کی حکومتوں کی وجہ سے ملک پیچھے جاتا گیا، ہم نے حکومت میں آنے کے بعد عہدکیا تھاکہ سب کا احتساب کریں گے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ جب احتساب سخت ہوتا ہے توبلاول آل پارٹیز کانفرنس(اے پی سی) بلاکر سب کواکٹھا کرتے ہیں، احتساب آگے اور زیادہ سخت ہونے جا رہاہے، اس لیے اے پی سی ہو رہی ہے جس کا مطلب  ’ آل شوگر ڈے ڈیز کانفرنس‘ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں حکومت چینی بحران پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ کا فرانزک کرنے والے کمیشن کی حتمی رپورٹ منظر عام پر لے آئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق جہانگیر ترین، مونس الٰہی، شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ، اومنی گروپ اور عمرشہریار چینی بحران کے ذمے دار قرار دیے گئے ہیں۔

فارنزک آڈٹ رپورٹ میں چینی اسیکنڈل میں ملوث افراد کےخلاف فوجداری مقدمات درج کرنے اور ریکوری کرنےکی سفارش کی گئی ہے جب کہ رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ ریکوری کی رقم گنےکے متاثرہ کسانوں میں تقسیم کردی جائے۔

مزید خبریں :