پاکستان
Time 10 جولائی ، 2020

بلاگر علی سلمان کی اہلیہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ سامنے آگئی

مقتولہ کے شوہر علی سلمان کے خلاف اس کی سالی کی مدعیت میں اہلیہ کے قتل کا مقدمہ درج ہے،فوٹو:فائل

 بلاگر علی سلمان کی اہلیہ  صدف زہرہ کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کا سبب دم گھٹنا قرار دیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں گذشتہ دنوں مبینہ طور پر قتل ہونے والی صدف زہرہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جیو نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق مقتولہ کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہے، مقتولہ کے دائیں گال پر نشان، ہونٹ سوجے ہوئے اور چہرے پر نیلے نشان موجود ہیں۔

رپورٹ کے مطابق لاش کے خون، جگر، گردے اور معدے کے نمونے فارنزک لیبارٹری بھجوائے گئے ہیں، موت کی حتمی وجہ فارنزک لیبارٹری کےنتائج کے بعد معلوم ہوگی۔

خیال رہے کہ  بلاگر علی سلمان کی اہلیہ صدف زہرہ راولپنڈی میں اپنے گھر میں پنکھے کے ساتھ لٹکی ہوئی پائی گئی تھیں۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق 38 سالہ صدف زہرہ کی ہلاکت 29 جون کی دوپہر 2 بجےان کی رہائش گاہ پر واقع ہوئی تھی۔

صدف زہرہ کی ہمشیرہ ڈاکٹر مہوش زہرہ نے کہا ہے کہ علی سلمان اور صدف زہرہ کے درمیان گزشتہ ایک سال کے دوران اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا، علی سلمان مارنے پیٹنے اورگالم گلوچ کاعادی ہے۔

ڈاکٹر مہوش زہرہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے بہنوئی نے ان کی بہن کاقتل کرکے اسے خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کی۔

پولیس حکام کے مطابق علی سلمان سے متعلق اہل علاقہ کا بھی کہنا ہے کہ وہ اپنی بیوی پرتشدد کرتا تھا، گالم گلوچ کابھی عادی ہے، اہل محلہ کےساتھ بھی نارواسلوک رکھتا ہے۔

گذشتہ روز اہلیہ کے مبینہ قتل کے معاملے پر  ملزم علی سلمان کو پولیس نے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر مقامی عدالت میں پیش کیا تھا جس کے بعد عدالت نے ملزم  کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔

ملزم علی سلمان  کے خلاف اس کی سالی کی مدعیت میں اہلیہ کے قتل کا مقدمہ درج ہے۔

مزید خبریں :