Time 10 جولائی ، 2020
پاکستان

وزیراعظم کا نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کیلئے 30 ارب روپے سبسڈی کا اعلان

وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے لیے 30 ارب روپے کی سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہاؤسنگ، تعمیرات اور  ترقی کے بارے میں قومی رابطہ کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا۔

اجلاس کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ پہلے ایک لاکھ گھروں میں سے ہرگھرکو 3 لاکھ روپے سبسڈی ملے گی جب کہ 5 مرلے کےگھرکی تعمیر کے لیے قرضے پرصرف 5 فیصد  اور 10 مرلے کے گھر کےلیے قرضے پر صرف 7 فیصد سود دینا ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام بینکوں سےبات کی ہے کہ اپنے پورٹ فولیو کا 5 فیصد تعمیراتی شعبوں کے لیے رکھیں، تعمیرات کے لیے نان اوبجیکشن سرٹیفکیٹس (این او سیز) کی تعدادکم کی ہے اور ون ونڈو آپریشن شروع کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں بہت رکاوٹیں آئیں،اس پروگرام کا مقصد تھاکہ غریب طبقہ گھربناسکے، دنیا میں سب سے زیادہ قرضے بینک گھروں کے قرض کے لیے دیتے ہیں اور پاکستان میں بینک صرف 0.2 فیصد قرضے گھروں کے لیے دیتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا میں کسادبازاری کی صورت حال ہے اور معیشت بیٹھ گئی ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہےکہ ہاؤسنگ اور تعمیراتی صنعت کےذریعے معیشت کوکھڑاکرنا ہے، تعمیراتی شعبےکی رکاوٹیں دور کرنے کے لیے کمیٹی بنائی ہے، ہم نے سارے صوبوں کے ساتھ میٹنگ کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کوجیسے جیسے روزگارملے گا معیشت اوپر جائےگی، تعمیراتی شعبےکے لیے ہم نے ٹیکسز کم کیے ہیں، یہ رعاتیں صرف اس سال کے لیے ہیں، تعمیراتی شعبوں کے لیے کبھی کسی حکومت نےاس طرح کی آسانیاں پیدا نہیں کیں۔

مزید خبریں :