10 جولائی ، 2020
ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) اور یوٹیلٹی اسٹور کے درمیان پینشنرز کو سہولت کارڈ جاری کرنے کا معاہدہ ہوگیا۔
اسلام آباد میں ہونے والی سہولت کارڈ معاہدے کی تقریب میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل سیدذوالفقار (ذلفی) بخاری اور یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے چیئرمین ذوالقرنین خان شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ذلفی بخاری نے ای او بی آئی پینشنرز اور کم آمدنی والے افراد کے لیے یوٹیلٹی اسٹورز کے اشتراک سے سہولت کارڈ جاری کرنے کا اعلان کیا۔
ذلفی بخاری کا کہنا تھا کہ ہم نے ای او بی آئی کی پینشن بڑھاکر 8500 کردی ہے جب کہ یوٹیلٹی اسٹور سہولت کارڈ سے پنشنرز کو مزید ایک ہزار روپے کا ریلیف ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا وژن ہے کہ ای او بی آئی کی پینشن 15 ہزار تک لے کر جائیں، ای او بی آئی اور یوٹیلٹی اسٹورز کا شکرگزار ہوں کہ عوام کو سہولت دے رہے ہیں، سہولت کارڈ کا اقدام وزیراعظم کے ریاست مدینہ کے تصور کے عین مطابق ہے جس سے ملک بھر میں تقریباً 80لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔
اس موقع پر چیئرمین یوٹیلٹی اسٹورز ذوالقرنین خان نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم کی خواہش تھی کہ جن کی ماہانہ آمدنی 25ہزارسے کم ہے انھیں ریلیف دیاجائے،سہولت کارڈسے بنیادی ضروری اشیاء رعایتی نرخ پر فراہم کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ای او بی آئی سے رجسٹرڈ مستحق افراد سہولت کارڈ حاصل کر سکتے ہیں، یہ سہولت کارڈ نادرا سے تصدیق کے بعد مستحقین کو جاری کیا جائے گا۔