پاکستان
Time 12 جولائی ، 2020

پی ٹی آئی کے عزیر بلوچ سے رابطوں کی سعید غنی کی بات جھوٹ ہے: گورنر سندھ

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ سے رابطوں کے لیے تحریک انصاف کی تین رکنی کمیٹی کی سعید غنی کی بات جھوٹ ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام’نیا پاکستان‘میں گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ علی زیدی 2 سال سے کہہ رہے تھے کہ جے آئی ٹی کو پبلک کرنا چاہیے، اگر جے آئی ٹی میں کچھ نہیں تھا تو پبلک کیوں نہیں کی جارہی تھی؟

انہوں نے کہا کہ عزیر بلوچ اورحبیب جان سے کبھی فون پربات ہوئی نہ ملاقات ہوئی، عزیر بلوچ کے ساتھ کس کے تعلقات تھے، اس کی ویڈیوز موجود ہیں اورریکارڈ پر ہیں، علی زیدی کی ویڈیو سے پہلے حبیب جان بلوچ کو پہچانتا تک نہیں تھا، میں، عارف علوی، علی زیدی اور نعیم الحق حبیب بلوچ سے رابطے میں نہیں تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ عزیربلوچ سے مدد لینے کا ٹاسک ہمیں کون دے گا؟ تحریک انصاف پرکچھ بھی الزام لگا لیں لیکن دہشت گردوں کی حمایت کا الزام نہیں لگاسکتے کیونکہ عمران خان نے ملک میں دہشتگردی کے خلاف سب سے پہلے بات کی۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ عزیر بلوچ سے رابطوں کے لیے پی ٹی آئی کی تین رکنی کمیٹی کی سعید غنی کی بات جھوٹ ہے، جھوٹ پر جھوٹ بولنے کی بجائے سعید غنی کو اپنی وزارت کی فکر کرنی چاہیے۔

ذوالفقار مرزا کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ ذوالفقار مرزا کو بلا کر ان سے سوالات کریں اور پوچھیں، ذوالفقار مرزا جس جماعت میں ہیں، وہ ہماری اتحادی ہے، وہ جی ڈی اے کا حصہ ہیں، رکن پارلیمنٹ نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ  پیپلزپارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیرتعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ صدر مملکت، گورنر سندھ اور علی زیدی کو امن کمیٹی کو تحریک انصاف میں شامل کرنے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔

تحریک انصاف کے رہنما و وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے بھی الزامات کی تردید کی تھی۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں سندھ حکومت نے عزیر بلوچ سمیت سابق چیئرمین فشری نثار مورائی اور بلدیہ فیکٹری کی جے آئی ٹی رپورٹس جاری کی ہیں تاہم علی زیدی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے اصل جے آئی ٹی رپورٹس چھپائی ہیں ، جس کے بعد سے دونوں پارٹیوں کے رہنماؤں کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید خبریں :