کھیل
Time 12 جولائی ، 2020

ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ میں میزبان انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی

عالمی وبا کورونا کے باعث کئی ماہ بعد شروع ہونے والی پہلی کرکٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں مہمان ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے ہرادیا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے چوتھی اننگز میں 200 رنز کا ہدف جرمین بلیک ووڈ کے 95 رنز کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

اس سے قبل ساؤتھ ہیمپٹن میں کورونا وائرس کی احتیاطوں کے ساتھ میزبان انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ بہتر ثابت نہیں ہوا اور انگلینڈ کی پوری ٹیم 204 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

کپتان بین اسٹوکس سب سے زیادہ 43 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے پہلی اننگز میں شان دار بولنگ کرتے ہوئے 6 اور گیبریئل نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے انگلینڈ کی پہلی اننگز کے جواب میں 318 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تاہم 114 رنز کی قیمتی برتری بھی حاصل کرلی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے بریتھ ویٹ نے 65 اور ڈاورچ نے 61 رنز کی اننگز کھیلیں۔

اپنی دوسری اننگز میں بھی انگلینڈ کی ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 313 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور ویسٹ انڈیز کو 200 رنز کا ہدف ملا۔

انگلینڈ کی جانب سےروری برنس اور سیبلی بالترتیب 42 اور 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ زیک کراؤلی نے 76 رنز بنا کر ویسٹ انڈیز کی برتری ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے گیبرئیل نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ روسٹن چیز اور جوزف نے 2،2 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔

200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کو ابتداء میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے27 رنز پر 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر جرمین بلیک ووڈ نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 95 رنز بناکر فتح میں نمایاں کردار ادا کیا اور روسٹن چیز نے 37 اور ڈاورچ نے 20 رنز بنائے جب کہ کپتان جیسن ہولڈر 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

شینن گیبریئل نے میچ میں 9کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس پر انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

ویسٹ انڈیز نے ساؤتھ ہیمپٹن ٹیسٹ جیت کر تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔

مزید خبریں :