پاکستان
Time 13 جولائی ، 2020

ہراسانی کا شکار نجی اسکول کی طالبات کو دھمکیاں اور بلیک میلنگ کا انکشاف

چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب کی چیئرپرسن سارہ احمد نے انکشاف کیا ہے کہ ہراسانی کا شکار لاہور کے نجی اسکول کی طالبات کو دھمکیاں دینے کے ساتھ بلیک میل کیا جارہا ہے۔

سارہ احمد نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ  طالبات اتنی خوفزدہ ہیں کہ سیکیورٹی کی یقین دہانی کے باوجود درخواست نہیں دے پارہی ہیں۔

سارہ احمد کا کہنا ہےکہ پولیس نے درخواست میں اپنی مرضی کی دفعات شامل کیں اور کمزور دفعات کی وجہ سے ملزمان گرفتار نہ ہوسکے، ایف آئی آر میں نامزد استاد اور عملے کے ارکان ضمانت قبل ازگرفتاری پر ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں لاہور کی غالب مارکیٹ کے ایک معروف نجی اسکول کی موجودہ اور فارغ التحصیل طالبات  نے استاد سمیت 4 افراد پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا جس پر اسکول انتظامیہ نے چاروں کو ملازمت سے نکال دیا تھا۔

جیو نیوز کی جانب سے خبر نشرکرنےکے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے واقعے کا نوٹس لیا تھا جس کے بعد چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی درخواست پر  واقعہ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

دوسری جانب محکمہ تعلیم پنجاب ابھی تک متاثرہ طالبات کی جانب سے درخواست کے انتظار میں ہے کہ جب انہیں درخواست ملے گی تو وہ اس وقت ہی کارروائی شروع کریں گے۔ 

مزید خبریں :